6Mobile monitering apps jo parents kay leya janna zaroori hen ,چھ موبائل مانٹرنگ ایپس جو والدین کے لیے جاننا ضروری ہیں


میرا یہ آرٹیکل ایکسپریس پر پبلش ہو چکا ہے 

سائرہ فاروق 

بچوں کے موبائل پر مانٹرنگ ایپس کے زریعے نگرانی کی جا سکتی ہے

آن لائن کلاسز کی وجہ سے موبائل فون کا استعمال بچوں سے لے کر نوجوانوں تک ناگزیر ہوگیا ہے ـ لیکن نوجوانوں کی نسبت چھوٹے بچوں میں موبائل تک رسائی اور آن لائن کلاسز کی وجہ سے ہر وقت  موبائل کا استعمال ایک خطرناک صورتحال اختیار کر چکا ہے ـ

آن لائن کلاسز سے پہلے یا بعد میں ویڈیو گیمز کھیلنے کا رجحان تیزی سے جہاں دیکھنے میں آیا ہے وہیں بچے اپنی عمر کے دوستوں کو غیر ضروری پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے کے انتظار میں اپنا بہت سا قیمتی وقت بھی برباد کر رہے ہیں ـ

لیکن اس سے بھی زیادہ پریشان کن معاملہ غیر مناسب سائیٹس ہیں جو چھ سے تیرہ سالہ بچے کی پہنچ میں ہیں ـ اور یہ خطرناک دنیا صرف ایک کلک کے فاصلے پر ہے ـ جو معصوم ذہن پر انتہائی منفی اثرات  مرتب کر سکتی ہے ـ

گویا ایک ایسا ایٹم بم بچے کے ہاتھ میں آ چکا ہے جو کسی بھی وقت ان کی ذہنی، جسمانی، جذباتی نشوونما کو بدترین نقصان پہنچا سکتا ہے ـ اور والدین چاہے کتنی بھی کوشش کرلیں وہ اس ناگہانی آفت سے اپنے بچے کو نہیں بچا سکتے اور نہ ہی وہ ہر وقت ان پر نگران رہ سکتے ہیں کیوں کہ آن لائن کلاسز کی وجہ سے بچوں کو یہ جواز مل چکا ہے کہ وہ نہ صرف موبائل رکھ سکتے ہیں بلکہ کسی بھی وقت استعمال کر سکتے ہیں 

بعض اوقات آن لائن کلاسز کا وقت پہلے سے طے شدہ نہیں ہوتا،اچانک شروع ہونے والی کلاسز میں والدین بچوں کے لیے وقت نہیں نکال سکتے، جس کی وجہ سے بچوں کی موبائل سرگرمی سے مکمل طور پر باخبر رہنا ان کے لیے ممکن نہیں ـ لہذا آج کا بچہ بےخوف ہو کر موبائل کا آزادانہ استعمال کر رہا ہے اور اب آپ انہیں یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ کون سا وقت ہے موبائل دیکھنے کا؟ یا کیا ہر وقت موبائل میں سر دے رکھا ہے؟ کیونکہ بچہ آپ کو بہت آسانی سے یہ کہہ کر لاجواب کر دے گا کہ آن لائن کلاسز کا وقت ہونے والا ہے، یا وٹس ایپ اسکول گروپ  سے اسائنمنٹ بنا رہا ہے لہذا پہلے کی طرح اب موبائل پر پابندی لگانا یا اس کے استعمال سے روکنا کسی چیلنج سے کم نہیں ـ

اس صورت حال میں اپنے بچوں کو ویڈیو گیم سے لیکر سائبر کرائم کے چنگل سے بچانے کے لئے والدین کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے  ـ چنانچہ اسی خطرے کے پیش نظر سوفٹ وئیر کمپنیاں موبائل کی مانیٹرنگ ایپس تیار کر رہی ہیں جو بچے کی آن لائن سرگرمیوں کے بارے میں والدین کو فورا الرٹ جاری کرتی ہیں ـ جن کے بارے میں جاننا آج کے والدین کے لیے بے حد ضروری ہے ـ اس ضمن میں مندرجہ ذیل ایپس باآسانی گوگل پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہیں ـ

ٹریک اٹ... Track it

اس ایپ کے ذریعے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں اس کی بدولت والدین براؤزر اور میسج پر بآسانی نظر رکھ سکتے ہیں یہاں تک کہ آن لائن گیمز کھیلنے پر بھی آپ جان سکتے ہیں کہ بچہ کونسی گیم کھیل رہا ہے اور کھیلتے ہوئے اسے کتنا وقت ہو چکا ہے ـ اس سے وائی فائی ٹریکنگ جیسی اہم معلومات ٹریک ہو جاتی ہیں اور ٹریک کیے گئے فون سے نوٹیفیکیشن بھی موصول ہو جاتی ہے ۔

ایم اسپائی... mSpy
اس ایپ کی خاصیت یہ ہے کہ یہ بچوں کے فون کی پاور فل مانیٹرنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اس کے زریعے  آپ بچوں کے موبائل پر آنے والی کال بھی سن سکتے ہیں  اور براؤزر کی تاریخ کی مکمل جانکاری، کال لاگنگ اور پیغامات بھی دیکھ سکتے ہیں ـ

دی ٹرتھ اسپائی.. The truthspy
اس ایپ کی ٹریکنگ خصوصیت کی وجہ سے صارفین اپنی گم شدہ ڈیوائس کا کھوج لگا سکتے ہیں ـ اس ایپ میں براؤزر اور جی پی ایس سسٹم کی مانیٹرنگ شامل ہے ـ فری میں دستیاب یہ اینڈرائڈ ایپ والدین کے لئے بہترین ہے جو بروقت درست مقام کو ٹریک کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے 

اسپائزی.. Spyzie
یہ بآسانی انسٹال ہونے والی ایپ  بچے کے اینڈرائڈ فون کے لیے بہترین مانیٹرنگ کا کام سرانجام دیتی ہے اگر آپ کا بچہ سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارتا ہے تو پریشانی کی بات نہیں، آپ اس ایپ کے ذریعے پیغامات بھیجنے اور وصول کرنے پر نظر رکھ سکتے ہیں ـ یہاں تک کہ ان کے محفوظ کیے گئے ملٹی میڈیا مواد کو ڈاؤن لوڈ کر کے بھی دیکھ سکتے ہیں ـ اس ایپ کی key logger ٹول کے ذریعے جان سکتے ہیں کہ بچے نے کیا ٹائپ کیا ـ

چلڈرن ٹریکنگ
  یہ ایپ والدین کے لیے نعمت ہے کیونکہ اس کا انٹرفیس فرینڈلی ہے اور اس میں بیٹری بھی کم استعمال ہوتی ہے ـ یہ دیگر اینڈرائیڈ ایپ سے ذرا مختلف ہے اس لحاظ سے یہ ناصرف بچوں کی آن لائن سرگرمیوں سے باخبر  رہنے میں معاون ہے بلکہ جسمانی طور پر بھی انہیں ٹریک کرسکتی ہے کہ وہ اس وقت کہاں موجود ہیں ـ




فامی سیف... Fami safe
فامی سیف مانیٹرنگ ایپ ونڈر کمپنی نے بنائی ہے ـ یہ ایپ اپنے سوفٹ ویئر  کی وجہ سے سے اتنی منفرد ہے کہ والدین بآسانی بچے کے موبائل پر  رسائی حاصل کر سکتے ہیں ـ
اور انہیں بچے کی نگرانی کے لئے اس کے پاس ہر وقت موجود رہنے کی بھی ضرورت نہیں کیونکہ والدین جیو فینسنگ فیچرز کے زریعے بچوں کے علم میں لائے بغیر، ان کی  سرگرمیوں پر نظر رکھ سکتے ہیں ـ

Post a Comment

2 Comments

  1. Awesome, thanks for the informative article. Never knew this before reading this article 😊

    ReplyDelete
  2. Very good and informative, i will try one of the above app for my kid.thank u

    ReplyDelete

thanks a lot